نئی دہلی،31اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر جمعرات کو سابق صدر پرنب مکھرجی، سابق نائب صدر حامد انصاری، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔مکھرجی، انصاری، سونیا، منموہن، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا اور کانگریس کے کئی سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے اندرا کی سمادھی’شکتی استھل‘ پہنچ کر انہیں گلہائے عقیدت پیش کیا،بعد میں سونیا نے اندرا گاندھی میموریل ٹرسٹ پہنچ کر سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔اندرا کے ساتھ بطور وزیر کام کر چکے، سابق صدر مکھرجی نے ٹویٹ کر کہاکہ اندرا گاندھی نے اپنے عزم اور مضبوط قیادت سے تاریخ میں انمٹ چھاپ چھوڑی۔ایک بے خوف وزیر اعظم کے طور پر انہوں نے ہندوستان کوبہت کچھ دیا اور وہ ہمیشہ میری لیڈر اور سرپرست رہیں گی۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنی دادی کو یاد کرتے ہوئے ٹویٹ کیاکہ آج میری دادی اندرا گاندھی جی کی قربانی کا دن ہے۔اپنے فولادی ارادے اور نڈر فیصلوں کاسبق ہر قدم پر میری رہنمائی کرتی رہے گی،آپ کو میراسلام۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا نے ٹویٹ کر کے کہاکہ آج دل میں گونج ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ اندرا گاندھی کی پیدائش 19 نومبر 1917 کو الہ آبادمیں ہوئی تھی،وہ تین بار ملک کی وزیر اعظم رہیں،31 اکتوبر، 1984 کو ان کے محافظ نے گولی مار کر ان کا قتل کر دیا تھا۔